ابوظہبی میں ہائی لیول پلیجنگ مومنٹ میں پاکستان کا پولیو کے خاتمے کے لیے 639.54 ملین ڈالر کا اعلان

26

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

ابوظہبی، 9 دسمبر 2025 —
پاکستان نے ابوظہبی میں منعقدہ ہائی لیول پلیجنگ مومنٹ کے دوران 639.54 ملین ڈالر کے مالی عہد کا اعلان کیا، جس کا مقصد عالمی سطح پر پولیو کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات ایچ ای احسن اقبال چوہدری نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ تقریب متحدہ عرب امارات کی حکومت نے محمد بن زاید فاؤنڈیشن فار ہیومینیٹی اور گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو (GPEI) کے اشتراک سے منعقد کی۔

احسن اقبال نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے لاکھوں بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کی مسلسل کاوشوں اور پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری پر شکریہ ادا کیا۔

وزیر نے زور دیا کہ پاکستان میں پولیو کا خاتمہ آنے والی نسلوں کے لیے اخلاقی ذمہ داری اور قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں وائرس کا پھیلاو کئی دہائیوں کی کم ترین سطح پر ہے، ویکسینیشن کے معیار میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، نگرانی کا نظام مضبوط تر ہو رہا ہے اور کمیونٹی کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔

احسن اقبال نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پولیو کا خاتمہ قومی ترجیح بنایا گیا ہے اور اڑان پاکستان کے تحت صحت اصلاحات میں پولیو انفراسٹرکچر کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے عالمی شراکت داریوں کی اہمیت پر بھی زور دیا اور یو اے ای، محمد بن زاید فاؤنڈیشن، ڈبلیو ایچ او، یونیسف، روٹری انٹرنیشنل، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن، سی ڈی سی اور تمام GPEI پارٹنرز کی مستقل حمایت کو سراہا۔

فرنٹ لائن ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر احسن اقبال نے انہیں ایسے ہیروز قرار دیا جو مشکل حالات میں پہاڑوں، صحراﺅں اور دریاؤں کا سفر طے کر کے ہر بچے تک ویکسین پہنچاتے ہیں۔

اہم اعلان کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان آئندہ چار سالوں کے دوران 639.54 ملین ڈالر کا عہد کر رہا ہے تاکہ ایک پولیو فری مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عہد پاکستان کے عزم، ملکیت اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے وابستگی کی علامت ہے۔

اسی موقع پر بل گیٹس کی جانب سے بھی 1.2 بلین ڈالر کے مالی عہد کا اعلان کیا گیا۔ تقریب کے دوران وزیر احسن اقبال نے بل گیٹس سے ملاقات کی اور پاکستان کے پولیو خاتمے کے عزم کے عزم کو دہراتے ہوئے وزیراعظم کا پیغامِ شکریہ پہنچایا۔

Comments are closed.