سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے عالمی رہنما کی تنخواہ میں مزید 10 لاکھ ڈالر سے زائد کا اضافہ

0

سنگاپور کی حکومت نے وزیر اعظم سمیت دیگر وزرا اور عہدیداروں کی سالانہ تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔

سنگاپور کے وزیر اعظم لارنس وونگ اس وقت بھی دنیا میں سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے سیاسی رہنما ہیں جن کی سالانہ تنخواہ میں مزید 14 لاکھ سنگاپورین ڈالر (تقریباً 11 لاکھ امریکی ڈالر) کا اضافہ کیا جائے گا۔

لارنس وونگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے پانچ سالوں تک تنخواہ میں ہونے والے اس اضافے کو فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کریں گے۔

لارنس وونگ کا کہنا ہے کہ باصلاحیت افراد کو سیاست کی طرف راغب کرنے کے لیے وزرا کی تنخواہوں میں اضافہ ضروری تھا، حکومت کا اس سے قبل بھی یہی موقف رہا ہے کہ وزرا کو زیادہ تنخواہیں دینے سے بدعنوانی کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔

واضح رہے کہ اس اضافے کے اطلاق سے قبل بھی لارنس وونگ دنیا کے سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے رہنما ہیں، وہ اس وقت 22 لاکھ سنگاپورین ڈالر سالانہ وصول کرتے ہیں اور اب ان کی تنخواہ 36 لاکھ سنگاپورین ڈالر (تقریباً 28 لاکھ امریکی ڈالر) ہو جائے گی۔

تنخواہوں کے اعتبار سے دیگر عالمی رہنماؤں کا موازنہ کیا جائے تو ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی تقریباً 7 لاکھ 19 ہزار ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جس کے بعد سوئٹزرلینڈ کے صدر گائے پرمیلین 6 لاکھ 6 ہزار ڈالر وصول کرتے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سالانہ تنخواہ 4 لاکھ ڈالر ہے جبکہ برطانوی وزیر اعظم اینڈی برنہم 2 لاکھ 30 ہزار ڈالر سالانہ کماتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.