بلوچستان میں بجلی کی ترسیل و تقسیم کے بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل، کیسکو کی کامیابی

23

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 8 جنوری 2026ء – کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بجلی کی ترسیل اور تقسیم کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد اہم ترقیاتی منصوبے کامیابی سے مکمل کر لیے، یہ کام چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر یوسف شاہ خان کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔
ان منصوبوں میں 132کلو وولٹ ٹرانسمیشن لائنز کی اپ گریڈیشن، گرڈ اسٹیشنوں کی توسیع و جدید کاری، اور 11کلو وولٹ ڈسٹری بیوشن لائنوں کی ری کنڈکٹرنگ شامل ہیں۔ صوبے کے اہم 132کلو وولٹ گرڈ اسٹیشنز جیسے ماری آباد، ڈیرہ بگٹی، تربت، نوشکی، ہوشاب، اوستہ محمد اور ژوب میں پاور ٹرانسفارمرز کی استعداد دوگنی کر دی گئی، جس سے مستحکم وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی ممکن ہو گئی ہے۔
نئے 11کلو وولٹ فیڈرز کی تنصیب، ان کی انٹرلنکنگ اور شفٹنگ کے منصوبے بھی مکمل ہوئے۔ مسلم باغ گرڈ اسٹیشن کے تین فیڈرز کو مہترزئی 132کلو وولٹ گرڈ اسٹیشن سے منسلک کیا گیا، 11کلو وولٹ اصغری فیڈر کو سنجاوی 132کلو وولٹ گرڈ اسٹیشن سے جوڑا گیا، جبکہ نئے تعمیر شدہ کپوتو گرڈ اسٹیشن سے دو فیڈرز اور واشک پاور ہاؤس کے 11کلو وولٹ فیڈر کو نئے 132کلو وولٹ واشک گرڈ اسٹیشن کے ساتھ منسلک کیا گیا۔
کوئٹہ شہر میں 18 فیڈرز پر کیپیسٹر بینک لگائے گئے، اوور لوڈ فیڈرز کی بائی فریکیشن کی گئی اور ری کنڈکٹرنگ مکمل کی گئی۔ اسی طرح گوادر میں سات 11کلو وولٹ فیڈرز (GDA، گوادر سٹی، کوسٹ گارڈ، پسنی-1، پسنی-2، ماڑہ سٹی اور میر لعل بخش) کو ELR اور DOP پروگرام کے تحت اپ گریڈ کیا گیا اور 319 نئے HT کھمبے نصب کیے گئے۔
تمام منصوبے کیوسکو کے اپنے ترقیاتی فنڈز سے کروڑوں روپے کی لاگت پر مکمل کیے گئے، جس سے وولٹیج میں بہتری اور ٹرانسفارمرز پر اضافی بوجھ میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

Comments are closed.