وفاقی وزیر نے ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی میں تعلیمی معاونت پروگرام کا جائزہ لیا

21

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 07 جنوری 2025:
وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، سید عمران احمد شاہ نے آج ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی، راولپنڈی کا دورہ کیا اور پاکستان بیت المال کے تحت جاری تعلیمی معاونت پروگرام کا جائزہ لیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے پروگرام کے طریقہ کار، پیش رفت اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر نے تعلیم کو قومی ترقی میں اہم سرمایہ کاری قرار دیتے ہوئے مستحق طلبہ کے لیے مالی معاونت کی حد 1 لاکھ سے بڑھا کر 1.5 لاکھ روپے کر دی۔ انہوں نے کہا کہ وظائف کی فراہمی شفاف، مؤثر اور بروقت کی جا رہی ہے اور مالی امداد براہِ راست یونیورسٹی کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جاتی ہے تاکہ میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ 2022 تا 2025 کے دوران 16,956 کیسز منظور کیے گئے اور تقریباً 575 ملین روپے تقسیم کیے گئے، جبکہ رواں مالی سال میں ایریڈ یونیورسٹی کے 107 طلبہ اس سے مستفید ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے صوبائی وزیر زراعت محمد عاشق حسین کرمانی کی تعلیمی اور زرعی شعبے میں کاوشوں کو سراہا۔
آخر میں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کم آمدنی والے گھرانوں کے مستحق طلبہ کو تعلیم میں سہارا دیتی رہے گی تاکہ کوئی طالب علم مالی مشکلات کی وجہ سے محروم نہ ہو۔

Comments are closed.