پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کی کامیاب تکمیل، پاکستان کے بحری وژن اور بلیو اکانومی کے استحکام کی جانب اہم پیش رفت
کراچی، 06 نومبر 25 – چار روزہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کامیابی کے ساتھ کراچی میں اختتام پذیر ہوئی، جو 3 تا 6 نومبر 25 تک منعقد ہوئی۔
یہ دوسرا ایڈیشن پاکستان کے بحری شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا، جو اسٹریٹجک مکالمے، علمی تبادلے اور تجارتی تعاون کے لیے متحرک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے اور وزارت
بحری امور کے بلیو اکانومی کو مضبوط بنانے کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے بحری امور جناب محمد جنید انوار چوہدری تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے اعلان کیا کہ پاکستان کا پہلا گرین شپ ریپئیر اینڈ ری سائیکلنگ یارڈ پورٹ قاسم پر قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے پاکستان کی میری ٹائم سنچری (2047–2147) کے وژن کے پانچ اہم ستون بیان کیے: تین نئے ڈیپ سی پورٹس کی تعمیر، قومی شپنگ فلیٹ کی توسیع، آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے لیس میری ٹائم انڈسٹریل کمپلیکسز، سو فیصد گرین ڈیجیٹل پورٹس، اور علاقائی میری ٹائم تعاون کی قیادت۔
قبل ازیں، کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے شریک وفود، ماہرین بحری امور، محققین اور نمائش کنندگان کی بھرپور شرکت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ PIMEC پاکستان کی بحری صنعت کے لیے ایک بہترین فورم ہے، جہاں ادارے اور ماہرین تبادلہ خیال کے ذریعے ترقی و معاشی خوشحالی کے نئے راستے کھول سکتے ہیں۔
کمانڈر کراچی نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز (NIMA) کی بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس کے کامیاب انعقاد کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جس کا موضوع “پائیدار ترقی کے لیے بلیو اکانومی کی صلاحیتوں سے استفادہ” تھا۔
پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 میں ملکی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان کے مابین 83 مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط ہوئے، جن کی مجموعی مالیت 76 ارب روپے ہے۔
یہ معاہدے پاکستان کی اسٹریٹجک شراکت داری، ٹیکنالوجی کے تبادلے، استعداد کار میں اضافے اور بلیو اکانومی میں وسیع سرمایہ کاری کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
اس ایونٹ میں بین الاقوامی شرکت بہت زیادہ رہی، جس میں 178 نمائش کنندگان شامل تھے، جن میں 28 غیر ملکی کمپنیوں اور 150 مقامی اداروں نے جدید بحری مصنوعات اور ٹیکنالوجیز پیش کیں۔
اس کے علاوہ، 133 بین الاقوامی وفود نے شرکت کی جو یورپ، ایشیا، شمالی و جنوبی امریکہ، افریقہ، مشرق وسطیٰ اور مشرق بعید کے 44 ممالک کی نمائندگی کر رہے تھے۔
PIMEC-25 کا کامیاب انعقاد نہ صرف پاکستان کی بحری صلاحیتوں اور جغرافیائی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان خطے میں بلیو اکانومی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
Comments are closed.