وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل افریدی کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کا اہم اجلاس، ضم اضلاع میں تحصیل و ضلعی کمپلیکس کی تعمیر دسمبر سے شروع کرنے کی ہدایت
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور (عسکر انٹرنیشنل رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل افریدی کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضم شدہ اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تحصیل اور ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے لیے زمین کی خریداری ایک ماہ کے اندر مکمل کی جائے اور دسمبر سے ان منصوبوں کی تعمیر کا آغاز یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیرِ نو کے فنڈز کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت مشکل حالات کے باوجود ضم اضلاع کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو ان کی تکمیل کی مدت کے مطابق درجہ بندی کیا جائے اور تکمیل کے قریب منصوبوں کو مکمل فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ ان کا افتتاح ترجیحی بنیادوں پر کیا جا سکے۔
سہیل افریدی نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمے کے افسران کو منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور فیلڈ وزٹس بڑھانے کی ہدایت بھی دی۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ضم اضلاع کی ترقی کے لیے ہر سال 100 ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم گزشتہ سات برسوں میں صرف 158 ارب روپے موصول ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع میں شفاف ترقی، بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
Comments are closed.