ڈی جی اے این ایف کا نسٹ میں بھرپور انسدادِ منشیات آگاہی خطاب
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، دسمبر 2025:
ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) میجر جنرل عبدالمعید HI(M) نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) اسلام آباد میں طلباء و اساتذہ سے انسدادِ منشیات آگاہی سیشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا خطرہ نوجوانوں کو براہِ راست نشانہ بنا رہا ہے، جس سے ان کی صحت، تعلیم، رویے اور مستقبل کے اہداف شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ منشیات سے جڑی ہر سرگرمی سے مکمل طور پر دور رہیں اور اس حقیقت کو سمجھیں کہ منشیات کا استعمال نہ صرف انفرادی زندگی بلکہ خاندان اور معاشرے کی مجموعی ترقی کے لیے بھی تباہ کن اثرات رکھتا ہے۔
ڈی جی اے این ایف نے بتایا کہ اے این ایف پاکستان کی وہ اولین فورس ہے جو ملک کے زمینی، فضائی اور بحری راستوں پر بلا تعطل آپریشنز کے ذریعے منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کی روک تھام میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ ایک قومی ذمہ داری ہے جس میں نوجوانوں، تعلیمی اداروں، خاندانوں اور تمام متعلقہ اداروں کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
سیشن کے اختتام پر سوال و جواب کا حصہ بھی ہوا جس میں طلبہ نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوالات کیے، اے این ایف کی کوششوں کو سراہا اور منشیات سے پاک پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آخر میں میجر جنرل (ر) زاہد محمود، پرنسپل نسٹ انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ کانفلکٹ اسٹڈیز (NIPCONS) نے ڈی جی اے این ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ منشیات کے خلاف قومی مہم میں نسٹ کے طلباء و اساتذہ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
Comments are closed.