اسلام آباد: ریڈی ٹو کُک فروزن میٹ میں جعلسازی کی گھناؤنی سازش ناکام
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد: اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی میں ریڈی ٹو کُک فروزن میٹ میں جعلسازی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق کی قیادت میں کی گئی کارروائی کے دوران 120 کلو ناقص اور مضرِ صحت گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا گیا جبکہ متعلقہ ڈسٹری بیوشن سیل اور سپلائر پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈاکٹر طاہرہ صدیق کے مطابق موٹرسائیکل سپلائر سے ڈسٹری بیوشن کی بیک ورڈ ٹریسیبیلٹی حاصل کی گئی جس سے پتہ چلا کہ یہ گوشت مختلف مارکیٹس میں سپلائی کیا جانا تھا۔ یونٹ
میں غیر معیاری گوشت کو دلکش پیکنگ لگا کر ذخیرہ کیا گیا تھا تاکہ صارفین کو دھوکہ دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گھر میں چھپ کر ناقص گوشت کی پیکنگ کی جارہی تھی جبکہ صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات، گندے فریزر اور بدبودار ماحول پایا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی، کیونکہ موقع پر ضروری ریکارڈ اور دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں۔
ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں دن رات جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاق میں خوراک کا کاروبار کرنے کے لیے قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے، اور بچوں اور بڑوں کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
Comments are closed.