بلوچستان : صوبائی حکومت این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا منصفانہ حصہ دلانے کے لیے پرعزم
کوئٹہ – صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ممبر این ایف سیبرائے بلوچستان محفوظ علی خان، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس عارف اچکزئی اور کنسلٹنٹس فنانس شریک ہوئے۔ اجلاس میں صوبے کی معاشی ضروریات، اخراجات اور محاصل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے معاشی و معاشرتی حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور وفاقی حکومت کے تعاون سے صوبے کے لیے منصفانہ حصہ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ خزانہ نے این ایف سی ایوارڈ کے لیے جامع اور تحقیقی حکمت عملی تیار کی ہے جو آبادی، پسماندگی، رقبہ اور دیگر اہم عوامل کو مدنظر رکھتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر شعبے میں بلوچستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ صوبے کا قومی مالیاتی ایوارڈ میں جائز حصہ حاصل ہو۔
Comments are closed.