خیبرپختونخوا ٹرانسمشن لائن اور پن بجلی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور، 4 جنوری 2026: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کے زیر صدارت خیبرپختونخوا ٹرانسمشن لائن اینڈ گرڈ سسٹم کمپنی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹرانسمشن لائن اور پن بجلی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ٹرانسمشن لائن کے جاری منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل، خیبرپختونخوا ڈسٹری بیوشن کمپنی کی فزیبیلٹی چھ ماہ میں مکمل کرنے اور ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ کے مسودے کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پن بجلی کے جاری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ چار سال میں منصوبوں کی تکمیل سے 800 میگاواٹ بجلی دستیاب ہو گی، مٹلتان پاور ہاؤس سے چکدرہ گرڈ تک 120 کلومیٹر طویل ٹرانسمشن لائن بچھائی جا رہی ہے، جبکہ 36 میگاواٹ درال خوڑ ہائیڈرو پاور منصوبہ مکمل ہو چکا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنے منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی صنعتوں کو سستے نرخوں پر فراہم کی جائے گی، جس سے صنعتی ترقی، معاشی استحکام اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے، اس میں غفلت یا غیر سنجیدگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور ہمیں اگلے الیکشن نہیں بلکہ اگلی نسل کا سوچنا ہے۔
Comments are closed.