وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا زمونگ کور ماڈل انسٹیٹیوٹ کا اچانک دورہ، انکوائریوں اور اصلاحی اقدامات کا اعلان

25

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور، 4 جنوری 2026: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے قائم زمونگ کور ماڈل انسٹیٹیوٹ کا گزشتہ شب اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں اور انتظامیہ سے ملاقات کر کے مسائل سنے اور موقع پر اہم احکامات جاری کیے۔
وزیراعلیٰ نے زمونگ کور سے 11 بچوں کے نکالے جانے کے معاملے پر فوری انکوائری کا حکم دیا، جبکہ بچوں کو فراہم کی جانے والی ہائیجین کٹس کی تقسیم سے متعلق امور کی بھی تحقیقات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کلاس رومز میں کیمروں کی تنصیب، درکار اساتذہ کی فوری فراہمی اور بچوں کے لیے کمپلینٹ سیل کے قیام کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زمونگ کور کے نجی کالجز میں زیر تعلیم بچوں کی فیس حکومت ادا کرے گی، جبکہ ایٹا میرٹ اسکالرشپس میں زمونگ کور کے بچوں کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کیا جائے گا۔ اکاؤنٹس سسٹم اور بچوں کو وظیفہ کی ادائیگی کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے، کالجز اور اسپورٹس اکیڈمیز جانے والے بچوں کے لیے ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔
انہوں نے زمونگ کور کے مختلف سیکشنز اور گرلز کیمپس کا معائنہ کیا، کھانے کے معیار کا جائزہ لیا اور گزشتہ دورے میں جاری احکامات پر عملدرآمد کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی دیکھ بھال حکومت کی آئینی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے، جبکہ زمونگ کور ادارے عمران خان کے احساس وژن کے تحت قائم کیے گئے ہیں اور انہیں اصل روح کے مطابق چلایا جائے گا۔

Comments are closed.