چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت پوست کی کاشت کے خلاف کارروائی
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ – چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبے میں پوست کی کاشت کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ پوست کی کاشت ایک سنگین جرم ہے جو پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر رکاوٹ بن سکتا ہے، اس لیے اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے مزید جامع اور سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔
صوبائی حکومت نے اب تک 3,700 ایکڑ سے زائد رقبے پر موجود پوست کی فصلیں تلف کیں۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ مربوط اقدامات کریں اور ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹیاں ماہانہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کریں۔ پوست کے بیج کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے اور عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ پوست کی کاشت سے اجتناب کریں۔ ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کو دور دراز اور پہاڑی علاقوں جیسے واشک، چاغی، قلعہ عبداللہ اور دکی میں مؤثر قرار دیا گیا۔ جو بھی زمیندار پوست کی کاشت میں ملوث پایا جائے، اسے فورث شیڈول میں شامل کیا جائے گا۔ اب تک 225 زمیندار فورث شیڈول میں شامل کیے جا چکے ہیں۔
Comments are closed.