بلوچستان میں امن و امان اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز، وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس

25

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ — وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پروونشل ہارڈن دی اسٹیٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نیشنل اور پروونشل ایکشن کمیٹیوں میں طے شدہ اہداف پر پیش رفت اور صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ ضلع کچھی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف 200 آپریشن کیے گئے جبکہ دیگر اضلاع میں بھی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ شمالی بلوچستان میں 100 دہشت گردوں کو غیر مؤثر کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق صوبے میں 3561 غیر قانونی پیٹرول پمپس سیل کیے جاچکے ہیں جبکہ کسٹم حکام نے 2575 آپریشن کرتے ہوئے گزشتہ تین ماہ میں 416 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ضبط کی ہیں۔ مدارس کی رجسٹریشن اور وضع کردہ ضوابط پر مکمل عمل درآمد بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے امن و امان اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل اور پروونشل ایکشن کمیٹیوں کے فیصلوں پر پوری سنجیدگی اور تندہی سے عمل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جرائم، لاقانونیت اور قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات اور اعلیٰ سکیورٹی حکام نے شرکت کی۔

Comments are closed.