پانچ فروری کو کشمیر یوں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کریں گے، کشمیری رہنمائوں کی پر یس کانفرنس

0 8

:کشمیر یوتھ الائنس کے صدر ڈاکٹر مجاہد گیلانی اور مسلم یوتھ لیگ کے صدر انجینئر حارث ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان کشمیری بھائیوں کی قربانیوں کو نہ بھولے ہیں نہ بھولنے دیں گے،مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کل بھی جاری تھی اور آج بھی جاری ہے، بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا اور شہ رگ ہر صورت چھڑائیں گے، مقبوضہ کشمیر کے اپنے بھائیوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ جدوجہد آزادی میں پاکستان کے نوجوان ہمیشہ کی طرح اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہر قربانی پیش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار کشمیر یوتھ الائنس کے صدر ڈاکٹر مجاہد گیلانی، صدر مسلم یوتھ لیگ انجینئر حارث ڈار، سیکرٹری انفارمیشن کشمیر یوتھ الائنس نوید احمد، کوآرڈینیٹر تنظیمات کشمیر یوتھ الائنس ڈاکٹر عبداللہ خلیل، صدر مسلم یوتھ لیگ اسلام آباد عبدالقدوس ودیگر نے پیر کو یہاں نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔کشمیر یوتھ الائنس کے صدر اور حریت رہنما آسیہ انداربی کے بھانجے ڈاکٹر مجاہد گیلانی نے انکشاف کیا کہ 2019 کے بعد سے غیر قانونی قابض بھارتی فورسز نے 25 ہزار سے زائد کشمیریوں کو غیر قانونی طور پر قید کر رکھا ہے۔ انہوں نے اپنی ذاتی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے خالو ڈاکٹر قاسم فکتو 31 سال سے جیل میں قید ہیں لیکن انہوں نے کبھی بھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، اسی طرح ان کی خالہ آسیہ اندرابی بھی 2017 سے بھارت کی جیلوں میں قید ہیں ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک آزادی کشمیر ہمیشہ جاری رہے گی اور ہندوستان کا کوئی بھی جبر انہیں ان کے راستے سے ہٹا نہیں سکتا ۔انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشن کے نام پر کشمیری عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے ڈاکٹر مجاہد گیلانی نے مزید کہا کہ بھارت نے 2019 کے بعد سے اب تک 20 ہزار سے زائد مرتبہ کشمیری گھروں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے۔مسلم یوتھ لیگ کے صدر حارث ڈار نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اس قول کو دہرایا کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے نوجوان ہر حال میں اس شہ رگ کو آزاد کرائیں گے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہمیشہ کی طرح ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔کشمیر یوتھ الائنس نے اعلان کیا کہ پانچ فروری کو پاکستانی نوجوان ہر طرح کی تفریق سے بالاتر ہو کر کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کریں گے، دنیا میں غلامی کا دور ختم ہو چکا ہے اور ہندوستان زیادہ دیر تک کشمیری عوام پر اپنا جبر مسلط نہیں رکھ سکتا۔ کشمیر یوتھ الائنس اور مسلم یوتھ لیگ نے اعلان کیا کہ وہ پورے ملک میں تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے بیداری مہم چلائیں گے۔مسلم یوتھ لیگ کے رہنما حارث ڈار نے اعلان کیا کہ چار فروری کو ضلعی سطح پر یکجہتی کشمیر بائیک ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں آل پارٹیز یوتھ کانفرنسز منعقد کر کے نوجوانوں کو متحد کیا جائے گا پریس کانفرنس کے اختتام پر رہنماؤں نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان کے نوجوان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.