ڈپٹی کمشنر گوادرنے انسداد پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیا
:ڈپٹی کمشنر گوادرحمود الرحمٰن نے انسداد پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی، ایم ایس میر عبدالغفور ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر حفیظ بلوچ، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈیزیز سرویئلنس آفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر شاہنواز بلوچ، ڈی ایس او ڈاکٹر فاروق، کمیونٹی کمیونیکیشن افسر انسداد پولیو پروگرام شے صغیر اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔افتتاحی موقع پر ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے والدین، اساتذہ، علما، سول سوسائٹی، اور سماجی رہنمائوں سے اپیل کی کہ وہ اس قومی فریضے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ گوادر سمیت پورے ملک کو پولیو جیسے مہلک وائرس سے محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جو معصوم بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور کر سکتی ہے۔ اس کے مکمل خاتمے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے والدین سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ہر انسداد پولیو مہم کے دوران حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں، تاکہ کوئی بھی بچہ اس ناقابل علاج بیماری کا شکار نہ ہو۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی نے مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس دوران ضلع بھر میں خصوصی ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گی۔
مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے بھرپور تعاون کر رہے ہیں، جبکہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی اور سہولیات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔انسداد پولیو مہم کے دوران عوام میں آگاہی پھیلانے کے لیے مختلف مساجد، اسکولوں اور کمیونٹی سینٹرز میں شعور و آگاہی سیشنز کا انعقاد بھی کیا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے یہ مہم نہایت اہم ہے اور تمام شہریوں کو چاہیے کہ وہ اس قومی مقصد میں حکومت اور صحت حکام کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے والدین، کمیونٹی لیڈرز اور سماجی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ گوادر سمیت پورے ملک کو پولیو فری بنایا جا سکے۔