صوبائی وزیر مواصلات کاوفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کوآکسفورڈ یونین میں ہونے والے تاریخی مکالمے میں شاندار فتح پر خراج تحسین پیش
:صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات و مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم احمد کھوسہ نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی آکسفورڈ یونین میں ہونے والے تاریخی مکالمے میں شاندار فتح پر خراج تحسین پیش کیا ہے، صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی کامیابی عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے۔
واضح رہے کہ آکسفورڈ یونین میں ہونے والے تاریخی مکالمے میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے آکسفورڈ یونین میں ہونے والے ایک تاریخی مکالمے میں 180 کے مقابلے میں 145 ووٹوں سے لبرل جمہوریت کے عالمی جنوب میں ناکامی کے خلاف اپنا مؤقف کامیابی سے منوایا اس اہم عالمی فورم پر جسے علمی اور فکری مباحث کے حوالے سے ایک منفرد مقام حاصل ہے، وزیر منصوبہ بندی نے ترقی پذیر ممالک کے حقوق اور عالمی انصاف کے لیے ایک مضبوط اور مدلل مقدمہ پیش کیا۔
وفاقی وزیر کو آکسفورڈ یونین کے صدر اسرار کاکڑ کی دعوت پر اس مکالمے میں شرکت کا موقع ملا جہاں انہوں نے اپنی پُراثر تقریر میں یہ واضح کیا کہ لبرل جمہوریت، جسے آزادی، مساوات اور ترقی کے سنہری خواب کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، حقیقت میں عالمی جنوب کے لیے نا انصافی، غربت، سیاسی عدم استحکام اور معاشی بدحالی کا سبب بنی ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ جن ممالک نے لبرل جمہوریت کا نعرہ بلند کیا، وہی آج انتہا پسندی، نفرت اور عدم مساوات کا شکار ہو رہے ہیں وفاقی وزیر احسن اقبال نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں خطے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن وہی عالمی طاقتیں جو خود کو انسانی حقوق کا چیمپئن کہتی ہیں، یہاں کی مظلوم عوام پر ہونے والے مظالم پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر لبرل جمہوریت واقعی انصاف، آزادی اور خودمختاری کا نظام ہوتا تو آج کشمیر اور فلسطین کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جاتا ۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے آکسفورڈ یونین میں اپنی دلیل کی طاقت، تاریخی حوالوں اور زمینی حقائق پر مبنی گفتگو کے ذریعے سامعین کو قائل کر لیا، جس کا ثبوت 180 کے مقابلے میں 145 ووٹوں سے ان کی جیت کی صورت میں سامنے آیا ۔
انہوں نے کہا کہ آکسفورڈ یونین جیسے علمی اور سخت سوالات کی روایت رکھنے والے فورم پر کامیابی حاصل کرنا کسی بھی عالمی رہنما کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے، مگر وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے اپنی مہارت، حقائق پر مبنی دلائل اور مدلل گفتگو کے ذریعے یہ کامیابی حاصل کی جو پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی اور فکری جیت ہے۔
صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال کی اس کامیابی نے انہیں ایک ایسے عالمی رہنما کے طور پر مزید مستحکم کیا ہے جو نہ صرف ترقی پذیر ممالک کے حقوق کے سب سے مؤثر وکیل ہیں بلکہ عالمی نظام میں حقیقی اصلاحات کے لیے ایک طاقتور آواز بھی ہیں ان کا یہ خطاب عالمی پالیسی سازوں تحقیقی اداروں اور دانشوروں کے درمیان ایک نئی بحث کو جنم دے چکا ہے کہ دنیا میں انصاف پر مبنی معاشی، سیاسی اور ماحولیاتی نظام کیسے قائم کیا جائے ۔
وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ عالمی سطح پر جمہوریت،مساوات اور انصاف کے علمبردار ہیں۔ آکسفورڈ یونین میں ان کی کامیابی صرف ایک مباحثے میں جیت نہیں بلکہ ایک نئے عالمی بیانیے کے قیام کی بنیاد ہے جس میں عالمی جنوب کو مساوی حقوق اور خودمختاری دی جائے۔