وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی قیادت میں وفد کی آذربائیجان کے وزیر اعظم سےملاقات،باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال

0 8

:وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی قیادت میں وفد نے باکو میں آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسدوف سےملاقات کی اور اُن کے لئے پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے رواں ماہ کے سینٹرل ایشیائی ممالک کے دورہ کے بارے انہیں آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ پاکستان میں سرکاری شعبے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری سمیت سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں، اسی طرح آذربائیجان پاکستان میں موٹرویز اور مختلف شعبوں میں انویسٹمنٹ کر سکتا ہے جس کے لئے ہر ممکن تعاون عمل میں لائیں گے۔آذربائیجان کے وزیر اعظم نے پاکستانی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال آذربائیجان کے صدر کے دورہ پاکستان سے باہمی تعاون میں اضافہ ہوا اور دونوں ممالک اخوت اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے میں منسلک ہیں جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہو گا۔

باکو میں ہونے والے اجلاس میں آذربائیجان اور پاکستان کے مابین سٹریٹیجک پارٹنر شپ کے مختلف امور بھی زیر بحث آئے جبکہ آذربائیجان کے وزیر اعظم کی کابینہ کے وزراء نے بھی اجلاس میں شرکت اور مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے دورہ آذربائیجان کو یادگار اور پر اُمید قرار دیتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کے وزیر اعظم سے ملاقات خوشگوار رہی، دونوں اطراف سے اعلیٰ سطحی وفود موجود تھے جبکہ مستقبل میں مزید رابطوں پر بھی اتفاق رائے ہوا۔پاکستانی وفد نے باکو، آذربائیجان میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی قیادت میں سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، انرجی اور اقتصادی امور کے وزراء سے بھی ملاقاتیں کیں۔

عبدالعلیم خان سے ملاقات کرنے والوں میں آذربائیجان کے وزیر توانائی پرویز شہبازوف، وزیر ٹرانسپورٹ راشد نبی اوف، ڈپٹی منسٹر اقتصادی امور صمد بشیری اور سٹیٹ آئل کمپنی آف ری پبلک آف آذربائیجان کے صدر روشن نجف شامل تھے۔ اس موقع پر ہونے والے اجلاسوں میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے دو طرفہ امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور پاکستان میں موٹرویز سمیت مختلف شعبوں میں انویسٹمنٹ کے امور زیر بحث آئے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہبا زشریف اسی ماہ وسط ایشیائی ممالک کا دورہ کریں گے جبکہ آذربائیجان سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے 2 ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے۔ انہوں نے سرکاری انتظام میں چلنے والے اداروں کی نجکاری اور سرمایہ کاری کے دیگر امور پر بھی بات چیت کی۔ آذربائیجان کے وزرا صاحبان نے پاکستانی وفد کا والہانہ خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

پاکستان سے ایس آئی ایف سی کے کو آرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد، وفاقی سیکرٹری پٹرولیم مومن علی آغا اور سینئر حکام نے ان اجلاسوں میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی معاونت کی جبکہ باکو میں سٹیٹ آئل کمپنی آف ری پبلک آف آذربائیجان کے صدر روشن نجف نے بھی پاکستان سے دو طرفہ تعاون بڑھانے اور تجارت کے باہمی امورمیں اضافے پر بات چیت کی۔

اس دورے میں دونوں ممالک کے مابین معاہدوں کی مختلف یاداشتوں پر بھی کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا اور پاکستان سے وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی راہداریوں، ریل و دیگر ذرائع مواصلات پر بھی خصوصی گفتگو ہوئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.