پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ میں واپڈا، ایس این جی پی ایل اور ایشال ایسوسی ایٹس نے او جی ڈی سی ایل کو شکست دے دی
:پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ میں واپڈا نے ایس این جی پی ایل اور ایشال ایسوسی ایٹس نے او جی ڈی سی ایل کو شکست دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے چار روزہ میچ میں واپڈا نے ایس این جی پی ایل کے خلاف بآسانی 9 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔ فالو آن کے بعد ایس این جی پی ایل کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی نہ سنبھل سکی اور پوری ٹیم 288 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عابد علی 85 اور سعد خان 65 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
علی رضا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ پہلی اننگز میں 272 رنز کی برتری کی بدولت واپڈا کو جیت کے لیے 17 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں ایشال ایسوسی ایٹس نے او جی ڈی سی ایل کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ میچ کے تیسرے روز او جی ڈی سی ایل کی ٹیم دوسری اننگز میں 292 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سمیر ثاقب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 125 رنز بنائے ۔ حسن رضا 89 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے ۔ نثار احمد نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں 138 رنز کی بدولت ایشال ایسوسی ایٹس کو جیت کے لیے 155 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ زبیر خان 44 اور اذان اویس 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کے سی سی اے اسٹیڈیم میں غنی گلاس کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 329 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
کاشف علی نے 133 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ۔ محسن ریاض نے 65 رنز بنائے ۔ مہران سانول نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ پہلی اننگز میں 87 رنز کی برتری کی بدولت پی ٹی وی کو جیت کے لیے 243 رنز کا ہدف ملا ہے۔ جواب میں پی ٹی وی نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنا لیے۔ شامل حسین نے شاندار سنچری اسکور کی اور وہ 120 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ محمد طحہٰ 53 پر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ہائر ایجوکیشن کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 321 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عبداللہ فضل 95 ، عزیر ممتاز 63 اور محسن خان 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد اسمعیل نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیٹ بینک کو جیت کے لیے 293 رنز کا ہدف ملا ہے ، کھیل کے اختتام پر اسٹیٹ بینک نے 3 وکٹوں پر 158 رنز بنا لیے۔ علی شان نے 60 رنز اسکور کیے۔ عثمان صلاح الدین 43 اور فواد عالم 32 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔