وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ترک پارلیمانی وفد کی ملاقات
لاہور، یکم دسمبر:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی کی یورپی یونین ہم آہنگی کمیٹی کے صدر اور رکن پارلیمان برہان کایا ترک نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، معیشت، ماحولیات اور پارلیمانی تعاون پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان کے اسپیشل اکنامک زونز میں ترکیہ کی دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے مجوزہ اکنامک زون کا نام “صدر رجب طیب اردوان اسپیشل انڈسٹریل زون” رکھنے کی تجویز پیش کی۔ ملاقات میں فلڈ مینجمنٹ، کلین ٹرانسپورٹ، جنگلات کے تحفظ، واٹر کنزرویشن اور کلائمیٹ اسمارٹ انفراسٹرکچر میں مشترکہ تعاون پر زور دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ انسانیت، خود مختاری اور انصاف کے اصولوں پر ہمیشہ متحد رہے ہیں۔ فلسطین کے مسئلے پر ترکیہ کی اصولی اور جرات مندانہ آواز پوری امت کے لیے باعثِ اعتماد ہے۔ کشمیر اور غزہ پر دونوں ممالک کے مؤقف میں کوئی تقسیم نہیں۔
ترک وفد کے سربراہ برہان کایاترک نے پنجاب میں کم وقت میں 1 لاکھ 20 ہزار گھروں کی تعمیر کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ “وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی ترکیہ سے بھی تیز رفتار ہے۔” انہوں نے بتایا کہ ترکیہ کے عوام قائداعظم اور محمد نواز شریف سے دلی محبت رکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے وفد کو پنجاب کے کلین ایئر پروگرام، ستھرا پنجاب، اے آئی فاریسٹ پروٹیکشن فورس اور کلائمیٹ آبزرویٹری جیسے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
Comments are closed.