ہالی وڈ کے مشہور ڈائریکٹر اچانک گولی چل جانے سے زخمی، اسپتال منتقل
ہالی وڈ کے نامور ڈائریکٹر مائیکل مان حادثاتی طور پر گولی چل جانے سے زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقوعہ لاس اینجلس میں ہفتے کے روز اس وقت پیش آیا جب 83 سالہ مائیکل مان ٹارگٹ پریکٹس کررہے تھے جس کے بعد پستول ہولسٹر میں رکھتے ہوئے ان سے اچانک گولی چل گئی جس سے وہ زخمی ہوگئے تاہم انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
میڈیا رپوٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹرز نے مائیکل مان کی انجری کو معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ’ یہ زخم معمولی نوعیت کا تھا جس میں جلد کے نیچے ٹشوز متاثر ہوئے‘۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مائیکل مان کو ضروری طبی امداد کی فراہمی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے بھی واقعے کو حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مان کا خود کو نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں تھا، مائیکل مان حادثاتی طور پر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ مائیکل مان کو امریکی کرائم اور تھرلر فلمزکے صفِ اول کے ڈائریکٹرز میں شمار کیا جاتا ہے، ان کی مشہور اور کامیاب ترین فلموں میں ’دی لاسٹ آف دی موہیکنز‘، ’ہیٹ‘ ، ’دی انسائیڈر‘ سمیت کئی فلمیں شامل ہیں۔
