حنا بٹ کی کراچی کو لڑکیوں کیلئے جیل قرار دینے پر حنا الطاف کو لاہور آنے کی دعوت
حنا الطاف نے چند روز قبل لندن کی سڑکوں پر واک کرتے ہوئے ایک ویڈیو ریکارڈ کی تھی، جس میں اداکارہ کا کہنا ہے کہ کراچی کی فلائٹ سے پہلے سوچا لندن میں آخری ناشتہ کر لوں کیونکہ اس کے بعد دوبارہ کراچی کی جیل میں قید ہونا ہے، کراچی میں لڑکیاں آزادی سے زندگی نہیں گزار سکتیں یہاں تک کہ سڑکوں پر چلنا بھی مشکل ہے۔
اس پر اب حنا پرویز بٹ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے حنا الطاف کی ایک ویڈیو دیکھی ہے جس کے ذریعے انہوں نے کراچی میں خواتین کو درپیش حفاظتی چیلنجز کو اجاگر کیا ہے۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ میں اداکارہ کو لاہور آنے کی دعوت دیتی ہوں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں یہاں خواتین کی حفاظت ایک اہم ترجیح ہے، ہمارا عزم ایک ایسا ماحول بنانا ہے جہاں ہر خاتون بلا خوف و خطر، آزادی اور اعتماد کے ساتھ نقل و حرکت کر سکے اور ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لندن کے مقاملے میں خواتین خود کو لاہور میں زیادہ محفوظ سمجھتی ہیں، یہاں خواتین کو کوئی تشدد کا نشانہ بنا سکتا ہے اور نہ ہراساں کر سکتا ہے۔
