عوام کو 15 روپے لٹر سستا پٹرول فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: علی پرویز

0

وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئل ریفائنریز کے تعاون سے 15 روپے فی لیٹر سستا پٹرول فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال کے باعث پاکستان کو معاشی اور توانائی کے شعبوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ انشورنس، لاجسٹکس اور نقل و حمل کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں، جس کے اثرات پاکستانی معیشت پر مرتب ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے اور خطے کی صورتحال کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی اہم ترجیحات میں عوام کو ریلیف دینا شامل ہے، اسی مقصد کے تحت حکومت نے فیول سبسڈی سکیم شروع کی، جس سے ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد صارفین فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ایس او کے ٹینڈرز پر پریمیم میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ریفائنریز نے گزشتہ تین ماہ کے دوران اتنا منافع کمایا جو اس سے پہلے برسوں میں نہیں کمایا تھا۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ مشکل وقت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئل ریفائنریز سے تعاون کی درخواست کی گئی، جمعے کے روز پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ متوقع تھا، تاہم ریفائنریز کے تعاون سے قیمتوں کو برقرار رکھنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو 15 روپے فی لیٹر سستا پٹرول فراہم کرنے کے قابل ہوں گے، آج بھی پٹرول کی قیمتوں میں کچھ نہ کچھ ریلیف ملے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران کا معاملہ صلح اور مذاکرات کی طرف جائے تاکہ خطے کی صورتحال بہتر ہو سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.