امریکی حملوں کے جواب میں ایران کی شدید جوابی کارروائی کی دھمکی
ایرانی مسلح افواج اور خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کی جانب سے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ سیستان، بلوچستان اور ہرمزگان پر امریکا نے حملے کئے، امریکی فضائی حملوں کے جواب میں بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ خطے میں امریکی فوج کی کارروائیاں جاری رہیں تو امریکا کو مزید بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا، ایران اپنے عوام کے حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سیاسی نائب جنرل یداللّٰہ جوانی نے عرب ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ممالک سے امریکی افواج کو نکال دیں، بصورتِ دیگر انہیں شدید فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جنرل یداللّٰہ جوانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانی فوج نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایران پر حملوں کیلئے استعمال ہونے والے کسی بھی اڈے یا مقام کے خلاف فیصلہ کن جوابی کارروائی کر سکتی ہے۔
جنرل یداللّٰہ جوانی نے بالخصوص کویت، بحرین اور اردن کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک میں موجود ایسے مقامات، جہاں سے ایران کے خلاف حملوں کیلئے کارروائیاں کی جاتی ہیں، ایرانی جوابی حملوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔
