خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ 2025 جاری، 92 ہزار سے زائد کاروباروں کے معائنے، چار لاکھ کلو سے زائد مضر خوراک تلف

19

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور، 2 جنوری: خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس میں صوبے بھر میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 92 ہزار 312 خوراک سے منسلک کاروباروں کا معائنہ کیا گیا جبکہ 4 لاکھ 13 ہزار 888 کلوگرام اور لیٹرز غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراکی اشیاء ضبط کر کے تلف کی گئیں۔
فوڈ اتھارٹی نے قوانین کی خلاف ورزی پر 7 ہزار 685 بہتری کے نوٹس جاری کیے جبکہ حفظانِ صحت کی سنگین خلاف ورزیوں پر 142 خوراکی کاروبار سیل کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق 40 ہزار 932 نئے لائسنس جاری یا تجدید کیے گئے اور 1,318 فوڈ پراڈکٹس رجسٹرڈ کی گئیں، جس سے 253.8 ملین روپے سرکاری خزانے میں جمع ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پبی، نوشہرہ اور حطار انڈسٹریل زون ہری پور میں جعلی مشروبات اور مصنوعی دودھ تیار کرنے والی تین بڑی فیکٹریاں بند کر کے کروڑوں روپے مالیت کی مشینری ضبط کی گئی۔ اس کے علاوہ صوبے کی پہلی اسٹیٹک پراونشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں ہزاروں نمونوں کی جانچ کی گئی جبکہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے بھی بڑے پیمانے پر خوراکی اشیاء ٹیسٹ کی گئیں۔
ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید کے مطابق فوڈ اتھارٹی کے تقریباً تمام امور کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس سے شفافیت، مؤثر نگرانی اور عوام کو معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے۔

Comments are closed.