دنیا سے ایسے حالات کا خاتمہ کرنا ہوگا جس سے لوگ پناہ گزین بنتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان

0 32

جنیوا (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا سے ایسے حالات کا خاتمہ کرنا ہوگا جس سے لوگ پناہ گزین بنتے ہیں، بے بس اور بے وسیلہ پناہ گزین کے مسائل کا امیر ملک ادراک نہیں کرسکتے،پاکستان، افغان امن عمل میں ہر ممکن تعاون کررہا ہے، مشکلات کے باوجود افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستانی قوم قابل تعریف ہے،پاکستان مزید پناہ گزینوں کو بسانے کی سکت نہیں رکھتا،مقبوضہ وادی کے 80 لاکھ عوام گھروں میں محصور ہیں،مقبوضہ کشمیر میں جان بوجھ کر مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلا جارہا ہے ،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے ۔سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں پناہ گزینوں کے پہلے عالمی فورم کا آغاز ہوا جس کی مشترکہ صدارت وزیراعظم عمران خان کررہے تھے ۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پہلے ریفیوجی گلوبل فورم کے انعقاد پر بہت خوشی ہے اور میں دنیا میں سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کرنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بے بس اور بے وسیلہ ماجرین کے مسائل کا امیر ملک ادراک نہیں کرسکتے، دنیا سے ایسے حالات کا خاتمہ کرنا ہوگا جس سے لوگ پناہ گزین بنتے ہیں اوت ایسے حالات پیدا کرنے ہوں گے کہ مہاجرین با عزت طریقے سے اپنے وطن لوٹ سکیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ابتدائی دنوں میں تاریخ کی سب سے بڑی پناہ گزین تحریک کا سامنا کرچکا ہے اور اس وقت پاکستان کو خود بے روزگاری کے مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغان امن عمل میں ہر ممکن تعاون کررہا ہے، مشکلات کے باوجود افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستانی قوم قابل تعریف ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی کوشش ہے افغان پناہ گزین اپنے وطن کوواپس جا سکیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان 30 لاکھ پناہ گزینوں کو پناہ دیے ہوئے ہے، پاکستان مزید پناہ گزینوں کو بسانے کی سکت نہیں رکھتا۔وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی کے 80 لاکھ عوام گھروں میں محصور ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جان بوجھ کر مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلا جارہا ہے اور ساتھ ہی عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری سے بھارت کو بحران پھیلانے سے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 9 لاکھ فوجی مقبوضہ کشمیر میں تعینات کر رکھے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں بھارت میں متنازع سٹیزن شپ بل کی منظوری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نیپاکستان،افغانستان،بنگلا دیش کی اقلیتوں کوبھارتی شہریت دینیکامتنازع قانون بنایاہے۔وزیراعظم عمران خان نے آسام کے مسلمانوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں جومسلمان شہری شہریت ثابت نہ کر سکااسے شہریت سے محروم کر دیا جائے گا ، آسام میں بیس لاکھ مسلمانوں کی شہریت ختم کیے جانے کا اندیشہ ہے۔اس دوران وزیراعظم عمران خان نے یو این جنرل سیکریٹری کو کو آئندہ سال فروری میں پاکستان میں ہونے والی عالمی ریفیوجی کانفرنس میں شرکت کی بھی دعوت دی۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا پہنچے تھے جہاں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل سفیر خلیل ہاشمی، سوئس حکومت کے نمائندوں اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا تھا۔اس موقع پر سوئٹزرلینڈ میں پاکستانی سفیر احمد ندیم وڑائچ اور ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) جینیوا میں پاکستانی مشن کے مستقل نمائندے ڈاکٹر محمد مجتبی پراچہ بھی موجود تھے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری اور سیکریٹری خارجہ سہیل محمود وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ موجود ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.