
اسلام آباد(این این آئی)ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ ماہر معاشیات حفیظ پاشا کے معیشت کی بربادی کے متعلق انکشافات تشویشناک ہیں ۔ ایک بیان میں ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ایک کروڑ 80 لاکھ لوگوں کے سطح غربت سے نیچے جانے خدشے پر حکومت کے تمام اداروں میں خطرے کی گھنٹیاں بج جانی چاہئیں تھیں۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کے پہلے دو سالوں میں ایک کروڑ اسی لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے جائیں گے۔ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کسی مہذب معاشرے میں ایسی خبر آتی تو تمام جماعتیں حل نکالنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھ جاتیں، یہاں حکومت مسائل حل کرنے کی بجائے گلا پھاڑ پھاڑ کر اپوزیشن پر الزام لگا رہی ہے ۔ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ حکومت نے آئی ایم ایف کے پروگرام میں من و عن شامل ہوکر کر اس پر عمل شروع کر دیا، آئی ایم ایف کے پروگرام پر پارلیمنٹ میں بحث نہ کرنے کا خمیازہ آج ملک و قوم بھگت رہے ہیں ۔ ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آئی ایم کی شرائط پر ہوئی مہنگائی نے متوسط طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ، بجلی، گیس، پیٹرولیم ، ادویات اور اشیاء خور و نوش آئی ایم ایف کی شرائط پر مہنگی کی گئیں ۔انہوںنے کہاکہ حکمران آنکھیں کھولیں ورنہ عوام کے غیض و غضب سے نہیں بچ پائیں گے۔



