گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف ہماری شعوری جدوجہد ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضامن ہو گی
کوئٹہ 09دسمبر :۔گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف ہماری شعوری جدوجہد ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضامن ہو گی انہوں نے کہا کہ 9 دسمبر کا دن تجدید عہد کا دن ہے ۔اس دن کی مناسبت سے آج ہمیںبدعنوانی کے خلاف تجدیدعہد کرنا ہوگا کہ ہمیں اپنی صفوںسے کرپٹ عناصر کو الگ کر کے ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی سچی بنیادیں استوار کرناہوں گی ۔اس ضمن میں قومی احتساب بیورو( بلوچستان) کے کرپشن کے قلع قمع کرنے اور عوام میں ہر قسم کی بدعنوانی کے خلاف اجتماعی احساس اجاگر کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات لائق تحسین ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں انسداد بدعنوانی کا عالمی دن کی مناسبت سے قومی احتساب بیورو بلوچستان کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو بلوچستان فرمان اللہ، بلو چستان پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر صاحبان، بریگیڈیئر ریٹائرڈ آغا گل، ایڈیشنل آئی جی پولیس نعیم اکرم بھروکہ، ڈاکٹرعطاء الرحمن سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی انسدادبدعنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولتوں کی ضرورت کے مطابق ترسیل کو حقیقی شکل دینے کے لیے مالیاتی نظم و ضبط اور انتظامی حکمرانی میں شفافیت قائم کرنا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ صوبے کے انتظامی اور مالیاتی نظم ونسق کو موجودہ حکومت نے بہتر بنایا ہے تاہم گڈگورننس کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔گورنر بلوچستان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ غریب عوام آج معمولی بیماریوں سے متعلق ادویات بازار سے خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں وہی ادوایات موجود نہیں ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ھے قومی احتساب بیورو کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے گورنر نے کہا کہ قومی احتساب بیورو چھوٹے بڑے سب کا احتساب کر رہا ہے اس طرح اقدامات سے عوام کا اداروں پر مزید اعتماد بحال ہو جائے گا اور اداروں کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ گورنر نے دینی علماء اکرام میڈیا پرسنز اور تمام ذی فہم افراد پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور کرپشن سے پاک ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔آخر میں گورنر بلوچستان نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے نیب بلو چستان کے زیراہتمام بدعنوانی کے خلاف واک میں بھی شرکت کی۔