اسپیشل اولمپکس؛ پاکستان نے ایک طلائی اورچاندی کا تمغہ حاصل کرلیا

برلن: جرمنی میں جاری اسپیشل اولمپکس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بیڈمنٹن کے ویمنز ڈبلزیونیفائیڈ ایونٹ میں طلائی اور مینز ڈبل ایونٹ میں چاندی کا تمغہ حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے فائزہ ناصر اور ناہین خان پر مشتمل جوڑی نے میسی برلن میں کھیلے گئے ویمنز ڈبلزیونیفائیڈ ایونٹ میں ازبکستان کی ٹیم کو21-5 اور 21-17 پوائنٹس، ملائیشیا کو 21-14 اور 21-6 اور جمہوریہ کرغز کی ٹیم کو 21-12 اور 21-13 سے شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔
اس شاندار کامیابی کے بعد فائزہ ناصر اور ناہین خان کا کہنا تھا کہ وہ بے حد خوش ہیں کہ ان کی محنت رنگ لائی اور انہوں نے گولڈ میڈل حاصل کر کے اپنے وطن کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اس کامیابی میں ان کے کوچ کا کلیدی کردار ہے۔
فائزہ ناصر اور ناہین خان نے مستقبل میں ہونے والے ایونٹس میں بھی کامیابی کا تسلسل برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر فائزہ اور ناہین کے ہیڈکوچ مطاہر سہیل اور کوچ قمر علی مونا نے بتایا کہ دونوں کھلاڑی پچھلے دو سال سے ورلڈ گیمز کی تیاری کررہی تھیں۔ انہوں نے کراچی اور اسلام آباد میں اسپیشل اولمپکس پاکستان کی جانب سے منعقد کیے گئے تربیتی کیمپوں میں بھی شرکت کی تھی۔
دریں اثنا بیڈمنٹن کے مینز یونیفائیڈ ڈبلز ایونٹ میں پاکستان کے نوشیوان عارف راجا اور طلحہ عارف نے پیراگوئے کی ٹیم کو 21-18 اور 21-12 اور مکاؤ کی ٹیم کو 21-12 اور 21-16 سے شکست دے کر چاندی کا تمغہ حاصل کیا، تاہم پاکستانی ٹیم کو ہانگ کانگ کے خلاف 16-21 اور 18-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔



