انڈر 19 ایشیاکپ فائنل: بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی
انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی۔
گرین شرٹس کی جانب سے دیا گیا 338 رنز کا ہدف بھارتی ٹیم نے آخری گیند پر حاصل کیا اور ایک وکٹ سے میچ جیت لیا۔
مسقط میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم کی قیادت فرحان یوسف کررہے ہیں اور 11 رکنی ٹیم میں عثمان خان، حیام خان، عبد القادر، احمد حسین، حسنین عباس، وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور، محمد صیام، نقاب شفیق، رضوان اللہ اور علی رضا شامل ہیں۔
میچ کے آغاز پر ہی عبدالقادر اور عثمان خان بھارتی بولرز کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے، دونوں نے بولرز کی لائن اور لینتھ بگاڑ دی اور دونوں نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم عبدالقادر 54 گیندوں پر 80 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔
ان کے بعد عثمان خان نے اپنی سنچری مکمل کی تاہم وہ بھی 111 گیندوں پر 107 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے جن میں عثمان خان اور عبدالقادر ٹاپ اسکورر رہے۔
بھارت کے کاویہ پریش پٹیل نے 4 اور چگوروپتی وینکٹے نے3 وکٹیں حاصل کیں۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارت انڈر 19 کے اوپنرز نے پہلی وکٹ پر 95 رنز بنائے لیکن رائے چندانی 80 اور سہواگ58 رنز کی وکٹیں گرنے کے بعد دیگر بیٹر کریز پر نہ ٹکے۔ 252 رنز پر بھارت کی آٹھ وکٹیں گرچکی تھیں لیکن موہت لیوا نے صرف 25 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیل کر بھارت کو ٹائٹل جتوادیا۔
احمد حسین کی آخری گیند پر تین رنز درکار تھے جس پر موہت لیوا نے چوکا لگاکر فتح حاصل کی۔ منہال چوہان نے 47 رنز بنائے۔
