بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز: 8 دہشتگرد ہلاک، میجر اور حوالدار شہید
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ اور دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان نے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔
اسی طرح 13اور 14 نومبر کی درمیانی شب کولپور کے علاقے میں کارروائی کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جب کہ ان کے قبضے سے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں فورسز کے آپریشنز، 16 خوارج ہلاک، حوالدار اور نائیک شہید
آئی ایس پی آر کے مطابق 14 نومبر کو دہشت گردوں نے گشت پر مامور سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹر ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا، اس بزدلانہ حملے میں ضلع چکوال کے رہائشی میجر عمر منہاس ناصر اور کوٹلی ستیاں کے رہائشی حوالدار محمد عدنان خان شہید ہو گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں سکیورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، مقامی آبادی کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بھرپور انداز میں جاری رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک ان علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں گے۔
