میں ایک مذہبی شخص ہوں، اس لیے اصولی طور پر مجھے جنت میں جانا چاہیے: ٹرمپ

0

امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہےکہ وہ خودکو جنت کا مستحق سمجھتے ہیں لیکن اس کے لیے اپنے مخالفین کو معاف نہیں کریں گے۔

امریکی ٹی وی کو دیےگئے انٹرویو میں سیاسی سوالات کے بعد میزبان نے ٹرمپ سے سوال کیا کہ 80 سال کی عمر میں اور قاتلانہ حملوں کی متعدد کوششوں سے بچ نکلنے کے بعد وہ اپنی موت کے بعدکے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟

صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ وہ جنت میں جانا چاہتے ہیں، جہنم میں نہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں ایک مذہبی شخص ہوں، اس لیے اصولی طور پر مجھے جنت میں جانا چاہیے، مجھے امید ہےکہ ایسا ہی ہوگا، میں جہنم میں نہیں جانا چاہتا۔

ٹرمپ سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ اگر جنت میں داخلے کے لیے اپنے سیاسی مخالفین کو معاف کرنا ضروری ہو تو کیا وہ سابق ڈائریکٹر ایف بی آئی جیمز کومی اور ایوانِ نمائندگان کی سابق اسپیکر نینسی پلوسی سمیت اپنے مخالفین کو معاف کر سکتے ہیں؟

اس پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مخالفین کو معاف نہیں کریں گے، چاہے اس کی وجہ سے انہیں جنت میں داخل ہونے سے ہی محروم کیوں نہ ہونا پڑے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو وہ معاف نہیں کرسکتے، وہ انتہائی بے ایمان، بہت برے اور ہمارے ملک کے لیے نقصان دہ لوگ ہیں، میں اپنے ملک سے ان لوگوں اور ان جیسے افراد سے کہیں زیادہ محبت کرتا ہوں۔ انہوں نے میرے ساتھ بہت برا سلوک کیا ہے۔ انہوں نے میرے ساتھ کیا کچھ نہیں کیا اور کس طرح ریاستی اداروں کو میرے خلاف سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا۔

امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے امید ہےکہ مرنےکے بعد لوگ مجھے یاد کریں گے اور میری کمی محسوس کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.