امریکا نے ایران اور روسی اداروں پر نئی پابندیاں عائد کر دیں
امریکی محکمۂ خزانہ کے مطابق پابندیوں کا نشانہ ایران کی ساہا ایئرلائنز، روسی طیارہ ساز کمپنی یاکوولیو اور روسی شپنگ کمپنی ایم جی فلوٹ بنی ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق یاکوولیو نے ایران کو یاک-130 جنگی تربیتی طیارے اور متعلقہ سامان فراہم کیا، جبکہ ایم جی فلوٹ کے زیرِ انتظام بحری جہاز ایران سے روس کو بیلسٹک میزائلوں کی منتقلی میں ملوث رہے۔
محکمۂ خزانہ کا کہنا ہے کہ ساہا ایئرلائنز ایران کیلئے ہتھیاروں اور متعلقہ فوجی سازوسامان کی منتقلی میں ملوث رہی ہے۔
امریکا کے مطابق یہ اقدامات ایران پر اقوام متحدہ کی بحال شدہ پابندیوں کی حمایت میں کئے گئے ہیں اور ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ کا حصہ ہیں۔
امریکی محکمۂ خزانہ کے مطابق نئی پابندیوں کا بنیادی مقصد ایران کے ہتھیاروں کی ترسیل کے نیٹ ورک کو محدود کرنا اور اس سے منسلک اداروں پر مالی و تجارتی دباؤ بڑھانا ہے۔
