ڈاکٹر محمد نجیب نقی صدر آزاد جموں و کشمیر منتخب، حلف اٹھا لیا

0

نومنتخب صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو 32 ووٹ دے کر آزاد کشمیر کا 23 واں صدر منتخب کر لیا، ان کے مدمقابل پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے۔

‎صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہوئی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کی کامیابی کا اعلان کیا گیا، 46 رکنی ایوان میں اسپیکر چودھری طارق فاروق نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا، جبکہ پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی چودھری قاسم مجید کی عدم موجودگی کے باعث ان کا ووٹ شمار نہ ہوسکا۔

‎ڈاکٹر نجیب نقی کا انتخاب نئی منتخب حکومت کے قیام کے بعد اہم آئینی عہدوں کی تشکیل کے سلسلے کی تکمیل بھی ہے، اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار افتخار گیلانی وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوئے تھے جبکہ چودھری طارق فاروق نے اسپیکر قانون ساز اسمبلی کا منصب سنبھالا تھا۔

‎صدارتی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور چودھری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی منظور کیے تھے، پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی ریٹرننگ افسر کی نگرانی میں مکمل کی گئی۔

‎ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کی کامیابی کے ساتھ آزاد کشمیر میں صدر کے عہدے پر نئی مدت کا آغاز ہوگیا ہے، دنیا نیوز نے 28 اگست کو ڈاکٹر نجیب نقی کے صدر بننے کی خبر بریک کی تھی جو آج 24 روز کے بعد ڈاکٹر نجیب نقی کے صدر منتخب ہونے کے بعد درست ثابت ہوئی۔

‏‎ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کے صدر منتخب ہونے کی صورت میں پونچھ ڈویژن کو ریاستی حکومت کے اہم آئینی عہدوں میں نمائندگی ملے گی، صدارتی انتخاب کے بعد راولاکوٹ اور سدھنوتی کی سات نشستوں پر ہونے والے آئندہ انتخابات بھی آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت ہو گی اور صدارتی انتخاب جیتنے کے بعد الیکشن میں ن لوگ کی پوزیشن مزید بہتر ہو جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.