گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ڈیرہ مراد جمالی میں جدید سائنسی علوم کا روشن دور،تعلیم تربیت اور روشن مستقبل کی علامت پرنسپل پروفیسر سعدیہ خان کی خدمات قابل تقلید

0

نصیر آباد ڈویژن کے ہیڈکوارٹر ڈیرہ مراد جمالی میں واقع گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تعلیمی ترقی کی ایک زندہ مثال بن چکا ہے۔ کالج کی پرنسپل محترمہ پروفیسر سعدیہ خان صاحبہ کی شبانہ روز انتھک محنت، خلوص نیک نیتی اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کے باعث کالج میں ایک نیا تعلیمی انقلاب برپا ہوا ہے، جس سے علاقے کی سیکڑوں بچیوں کا مستقبل روشن ہو رہا ہے۔ پرنسپل صاحبہ کی کاوشوں سے کالج کے وہ تمام شعبہ جات جو عرصہ دراز سے بند اور غیر فعال تھے، انہیں مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ ان میں جدید کمپیوٹر لیب، فزکس، کیمسٹری، باٹنی اور زولوجی کی سائنس لیبارٹریز اور لائبریری شامل ہیں۔ اب کمپیوٹر لیب میں طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی بنیادی تعلیم، ڈیجیٹل لٹریسی اور جدید کمپیوٹنگ جیسے علوم سکھائے جا رہے ہیں، جبکہ سائنس لیبز میں انہیں جدید سائنسی آلات پر عملی تجربات کروائے جا رہے ہیں۔ اس اقدام کی بدولت اب ڈیرہ مراد جمالی اور پورے نصیر آباد کی بچیوں کو ایف اے، ایف ایس سی پری میڈیکل و پری انجینئرنگ اور اے ڈی اے، اے ڈی ایس جیسی اعلیٰ تعلیم کے لیے کوئٹہ، کراچی یا لاہور جانے کی ضرورت نہیں۔ وہ اپنے ہی ضلعی ہیڈکوارٹر میں بیٹھ کر سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، میتھمیٹکس کی جدید تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ یہی تعلیم کل کو انہیں ڈاکٹر، انجینئر، سائنسدان اور آئی ٹی ایکسپرٹ بنا کر ملک و قوم کی خدمت کے قابل بنائے گی۔ سب سے بڑھ کر، محدود وسائل کے باوجود کالج انتظامیہ نے طالبات کے لیے ایک پرانی بس کے ذریعے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت جاری رکھی ہوئی ہے تاکہ دور دراز محلوں اور وارڈز سے آنے والی بچیوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ لیکن شہر کی خستہ حال اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی وجہ سے یہ بس آئے روز خرابی کا شکار ہو جاتی ہے۔
اہل علاقہ، والدین اور طالبات نے پرنسپل پروفیسر سعدیہ خان صاحبہ کی ان گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حکومت بلوچستان اور محکمہ کالجز سے اپیل کی ہے کہ کالج کے لیے فوری طور پر ایک نئی بس فراہم کی جائے، جدید سائنسی آلات کے لیے خصوصی فنڈز جاری کیے جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.