8 اسلامی ممالک کا غزہ میں فوری امداد اور اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا کا مطالبہ
پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں انسانی مصائب پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے اپنے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور قطر کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ غزہ میں فوری، محفوظ اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔
مشترکہ بیان میں جنگ بندی کے تحفظ اور تمام خلاف ورزیوں کے خاتمے پر زور دیا گیا، جبکہ اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا اور بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی کا مطالبہ کیا گیا۔
آٹھ اسلامی ممالک نے قومی کمیٹی برائے انتظام غزہ کی پورے غزہ میں ذمہ داریوں کے آغاز پر بھی اتفاق کیا۔
بیان میں فلسطینیوں کی زبردستی بے دخلی اور کسی بھی علاقائی یا آبادیاتی تبدیلی کو مسترد کرتے ہوئے بستیوں کی توسیع، فلسطینی اراضی پر قبضے، گھروں کی مسماری اور آبادکاروں کے تشدد کی مذمت کی گئی۔
وزرائے خارجہ نے یروشلم کے مقدس مقامات کی تاریخی اور قانونی حیثیت متاثر کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا، جبکہ برطانیہ اور یورپی ممالک کی جانب سے غیر قانونی بستیوں سے تجارت روکنے کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔
