چمن میں 4 سال کی بچی سے 60 سال کے شخص کی مبینہ شادی کے کیس کا ملزم افغانستان فرار ہوگیا
کوئٹہ: چمن میں 4 سال کی بچی سے 60 سال کے شخص کی مبینہ شادی کے کیس کا ملزم افغانستان فرار ہوگیا جب کہ بچی کے والد اور ملزم کے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق تحقیقات میں 4 سالہ بچی کے نکاح کے معاملے میں7 ستمبرکو قتل کی گئی اس کی 14 سالہ بہن کے قتل کا تعلق بھی سامنے آیا ہے۔ قتل کے الزام میں اس کا شوہر گرفتار کیا جاچکا ہے، جو 4 سالہ بچی سے مبینہ نکاح کرنے والے 60 سالہ دولہے کا ہی بیٹا ہے۔4 سالہ بچی کے گرفتار ہونے والے والدکا کہنا ہے کہ اس کی 14 سالہ بیٹی شکریہ بی بی کو سسرال میں مبینہ تشددکا سامنا تھا اس پر دباو¿ ڈال کر ایک اور کمسن بیٹی کا رشتہ بھی طلب کیا جاتا رہا جس کے بعد گزشتہ ماہ 4 سالہ بیٹی کا رشتہ 60 سالہ صلاح الدین سے 25 لاکھ روپے کے عوض طے ہوگیا تھا، تاہم رقم کی ادائیگی سے قبل صلاح الدین کی جانب سے 4 سالہ بچی کے بجائے 8 سالہ بیٹی کا رشتہ طلب کیا گیا اور رشتہ نہ دینے پر 7 ستمبرکو کچلاک میں شادی شدہ 14 سالہ بیٹی شکریہ بی بی کو تشددکرکے قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں مزیدکون کون ملوث ہیں اس کی تحقیقات کی جارہی ہے، جب کہ کمسن بچی کے تحفظ اور قانونی کارروائی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
