خیبرپختونخوا میں فورسز کی کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 21 دہشت گرد ہلاک

0

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 31 اگست/1 ستمبر 2026ء کی درمیانی شب شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے ساتھ سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے بعد علاقے میں چھپے مزید 10 خوارج کو بھی جہنم واصل کر دیا گیا، جس کے بعد ان خوارج کی مجموعی تعداد 25 ہو گئی جو پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔

 

شمالی وزیرستان میں ایک اور جھڑپ کے دوران پاک افغان سرحد کے ساتھ خوارج کے ایک اور گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ سکیورٹی فورسز نے لگا لیا، اپنے جوانوں نے خوارج کے اس گروہ کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس سے 7 خوارج جہنم واصل ہو گئے۔

 

کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دو مختلف جھڑپوں کے دوران مزید 4 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان سرحد کے ساتھ پیش آنے والے یہ مسلسل واقعات ایک مرتبہ پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتے ہیں کہ افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیم کوسرحد پار دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی انسدادِ دہشت گردی کی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے اپنے عزم پر ثابت قدم اور غیر متزلزل ہیں، علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے علاقے کو کلیئر کرنے کی کارروائیاں جاری ہیں۔

 

وفاقی ایپکس کمیٹی برائے قومی ایکشن پلان کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.