مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17 ویں وزیراعظم منتخب

0

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کے ٹیکنوکریٹ نشست پر منتخب بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیر اعظم منتخب کر لیا۔

نو منتخب وزیر اعظم افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کیے، مسلم لیگ (ن) کے صدر شاہ غلام قادر اسمبلی اجلاس سے غیر حاضر رہے، نو منتخب وزیر اعظم کو مسلم لیگ (ن) کے علاوہ عوامی دستِ بازو اور جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے بھی ایک، ایک ووٹ ملا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وزارت عظمی کے لئے نامزد امیدوار سردار مختار احمد خان عباسی نے 14 ووٹ حاصل کیے۔

وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت سے ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد دو بجے کے بجائے تین بجے شروع ہوا، جس میں ارکان اسمبلی نے ووٹ دے کر قائدِ ایوان کا انتخاب کیا۔

اسمبلی اجلاس میں تاخیر کی بنیادی وجہ سابق وزیر اعظم فاروق حیدر کو منانے کے لیے کی جانے والی کوششیں تھیں، جو ایک گھنٹے کے بعد بارآور ثابت ہوئیں، فاروق حیدر کو منانے کے لئے افتخار گیلانی خود فاروق حیدر کے گھر پہنچے۔

اس سے قبل آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نئے قائدِ ایوان اور وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیئے گئے تھے۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیرسٹر افتخار گیلانی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے سردار مختار احمد خان نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نئے قائدِ ایوان سردار مختار احمد خان نے عامر عبدالغفار لون، زوبیہ خورشید اور دیگر ارکان کے ہمراہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔

خیال رہے کہ افتخار گیلانی حالیہ انتخابات میں ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

بیرسٹر افتخار گیلانی پہلی بار 2011 میں منتخب ہو کر آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پہنچے تھے، افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم بھی رہ چکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.