عظمیٰ خان نے توہین عدالت کی فوری سماعت کی ایک اور درخواست دائر کر دی
درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں حالت بگڑ رہی ہے اورسپریم کورٹ کے حکم کے برعکس انہیں پمز لےجایا گیا، درخواست میں بانی پی ٹی آئی کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
عظمیٰ خان نے درخواست میں کہا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر جان بوجھ کر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد نہیں کیا گیا، عدالت کے حکم پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
درخواست میں کہا گیا کہ عدلیہ کے حکم پر مسلسل عمل نہ کرنا قانون شکنی کے زمرے میں آتا ہے، کیسز فکسیشن پالیسی توہینِ عدالت کی فوری سماعت میں رکاوٹ نہیں، اس سے قبل 25 اگست کوفوری سماعت کی درخواست مسترد کردی گئی تھی، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ درخواست چیف جسٹس نے مسترد کی یا نہیں۔
عظمیٰ خان نے استدعا کی کہ توہینِ عدالت کی درخواست کو فوری سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
