وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع چارسدہ کا اچانک دورہ کیا

24

 

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع چارسدہ کا اچانک دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے سٹیزن فسیلیٹیشن سینٹر میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سروس ڈیلیوری کے نظام کا عملی طور پر جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے زمینوں کی منتقلی اور فرد کے اجرا میں غیر ضروری تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو واضح ہدایات دیں کہ عوامی نوعیت کے معاملات میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سٹیزن فسیلیٹیشن سینٹر میں پٹواریوں کو روٹیشن کی بنیاد پر تعینات کیا جائے تاکہ شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں، اور ریاستی ادارے عوام کو ایک ہی جگہ بروقت اور باعزت خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سٹیزن فسیلیٹیشن سینٹر میں نصب سولر سسٹم کی اپ گریڈیشن کی ہدایت کی تاکہ سروسز کا تسلسل برقرار رہے اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ نے شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور سروس ڈیلیوری سے متعلق ان کی رائے معلوم کی، جسے انہوں نے نظام کی بہتری کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے انتقال کے اجرا میں تاخیر کی شکایت پر فوری انکوائری کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایسے معاملات میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سروس ڈیلیوری میں لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ عوامی خدمات کے نظام کا براہِ راست جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور معیاری سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

Comments are closed.