وزیراعلیٰ کے اچانک دورے کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

26

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے اچانک دورۂ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے دوران مریضوں کی دیکھ بھال اور انتظامی امور تشویشناک حد تک ناقص پائے گئے، جس پر صوبائی حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہسپتال کے ڈائریکٹر کو ناقص کارکردگی کی بنیاد پر عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

سرکاری مراسلے کے مطابق وزیراعلیٰ نے معائنے کے دوران مختلف وارڈز، ایمرجنسی اور نوزائیدہ بچوں کے یونٹس کا جائزہ لیا، جہاں انتظامی غفلت اور سروس ڈیلیوری میں سنگین خامیاں سامنے آئیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پیڈز ایمرجنسی کے سربراہ کو بھی معطل کر دیا گیا ہے جبکہ معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری شروع کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ نوزائیدہ بچوں اور ایمرجنسی مریضوں کی نگہداشت میں کسی بھی قسم کی غفلت ناقابلِ قبول ہے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی حکومت نے صحت کے شعبے میں ناقص کارکردگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Comments are closed.