پیسکو پشاور کی مجرمانہ غفلت، وارسک روڈ مٹھرہ کے متعدد علاقے مہینوں سے بجلی سے محروم، عوام اذیت میں مبتلا
پشاور، 17 دسمبر 2025
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور — وارسک روڈ، مٹھرہ کے علاقوں کلی کوچیان، آلو کلی، گھاڑا اور تاجک میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش نے پیسکو پشاور آفس کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ نومبر سے اب تک بجلی کی عدم فراہمی نے شدید سردی کے موسم میں عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ متعلقہ حکام کی خاموشی اور عدم توجہی عوامی مشکلات میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق پیسکو کے متعلقہ دفاتر، چیف آفس اور دیگر اعلیٰ حکام کو درجنوں تحریری شکایات، درخواستیں اور ذاتی ملاقاتیں کی گئیں، مگر نہ تو بجلی بحال کی گئی اور نہ ہی کسی قسم کی تسلی بخش وضاحت فراہم کی گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پیسکو حکام کی یہ روش محض نااہلی نہیں بلکہ عوام کے ساتھ صریح ناانصافی اور مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے۔
بجلی کی بندش کے باعث نہ صرف گھریلو نظام مفلوج ہو چکا ہے بلکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ شدید سردی میں بزرگ شہری، بچے، خواتین اور بیمار افراد سب سے زیادہ متاثر ہیں، جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ بنیادی سہولیات کی اس بدترین قلت نے انہیں ذہنی اور جسمانی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی فوری طور پر سرکاری شیڈول کے مطابق اور مطلوبہ وولٹیج کے ساتھ بحال کی جائے، جبکہ ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پیسکو پشاور آفس کی یہی بے حسی برقرار رہی تو وہ احتجاجی مظاہروں، پریس کانفرنسوں اور قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی مکمل ذمہ داری پیسکو انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
Comments are closed.