تربت یونیورسٹی: اسپرنگ 2026 سیشن کے داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کامیابی سے مکمل، پندرہ سو سے زائد امیدواروں کی شرکت، 45 فیصد خواتین امیدوار شامل

27

تربت[16دسمبر2025]یونیورسٹی آف تربت میں اسپرنگ 2026 سیشن کے مختلف گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرامز میں داخلہ لینے کے لیے انٹری ٹیسٹ 14 اور 15دسمبر 2025 کو کامیابی سے منعقد کیے گئے۔ انٹری ٹیسٹ میں بلوچستان بھر سے پندرہ سوسے زائد امیدواروں نے شرکت کی، جن میں 45 فیصد خواتین امیدوار شامل تھیں۔ یہ انٹری ٹیسٹ بی ایس، اے ڈی، پوسٹ اے ڈی، ایم بی اے، ایم فل، ایم ایس اور پی ایچ ڈی سمیت پچاس سے زائدانڈرگریجویٹ اورگریجویٹ تعلیمی پروگرامز میں داخلے کے لئے منعقد کئے گئے تھے۔یاد رہے کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی متحرک قیادت میں تربت یونیورسٹی نے گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ پروگرامز کے لیے متعلقہ تعلیمی و پیشہ ورانہ کونسلزاور ہائر ایجوکیشن کمیشن سے باقاعدہ این او سی حاصل کر رکھا ہے اور یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرامز متلعقہ کونسلزاور ایچ ای سی سے باقاعدہ تسلیم شدہ ہیں۔
ترجمان تربت یونیورسٹی کے مطابق داخلہ ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے یونیورسٹی کے مین کیمپس اور سٹی کیمپس میں چھے امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے اور امیدواروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی خصوصی ہدایات پر تربت شہر اور دور دراز علاقوں سے امتحانی مراکز تک امیدواروں کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔ وائس چانسلر نے اپنے برقی پیغام میں امتحانی عمل کے شفاف تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ داخلہ عمل کے دوران میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے انٹری ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین ایڈمیشن کمیٹی ڈاکٹرمظفرحسین اور ان کی ٹیم، تمام ڈینز، تدریسی وانتظامی شعبہ جات کے سربراہان، رجسٹرار آفس، کنٹرولر امتحانات آفس، ایڈمیشن سیل، آئی ٹی سیکشن، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔ اپنے برقی پیغام میں وائس چانسلرکا کہناتھا کہ ہمارا بنیادی مقصد طلبہ و طالبات کو جدید علوم، نئی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ تربت یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ صوبے اور ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔یہ امرقابل ذکرہے کہ یونیورسٹی میں تعلیم و تدریس کے اعلی معیار کو یقینی بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور مارکیٹ کی بدلتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی کے تمام تعلیمی پروگرامز کے سلیبس اور کورس اسکیمز کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جاری کردہ نئی پالیسی سے ہم آہنگ کر دیا گیا ہے، تاکہ تربت یویورسٹی کو اس خطے میں اعلی تعلیم اور تحقیق کا ایک مثالی مرکز بنایا جا سکے۔ایڈمیشن کمیٹی کے چیئرمین کے مطابق انڈرگریجویٹ پروگرامز کے انٹری ٹیسٹ کے نتائج 17 دسمبر 2025 بروز بدھ جاری کیے جائیں گے، جبکہ میرٹ لسٹس یونیورسٹی کی سرکاری ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائع کی جائیں گی۔مزیدبراں، گریجویٹ اور بی ایڈ پروگرامز کے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان 20 دسمبر کو نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کی جانب سے کیا جائے گا۔

Comments are closed.