شہدائے اے پی ایس کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی علامت ہیں: وزیر اعلیٰ

27

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 16 دسمبر:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں معصوم بچوں، اساتذہ اور سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان عظیم شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک مگر فیصلہ کن موڑ تھا جس نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ دن نہ صرف شہداء کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے بلکہ اس عہد کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ وطن کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اے پی ایس کے شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی بنیاد ہیں اور انہی قربانیوں کی بدولت آج ملک پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اپنی بزدلانہ کارروائی سے انسانیت کو شرمسار کیا لیکن پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہ کر سکے۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی اور کامیابی پاکستان کا مقدر بنے گی۔

Comments are closed.