بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی دسمبر پولیو مہم میں عوامی تعاون کی اپیل

25

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 14 دسمبر 2025:
خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے والدین، سرپرستوں، کمیونٹی رہنماؤں اور عوامی نمائندوں پر زور دیا ہے کہ وہ 15 سے 21 دسمبر 2025 تک ملک بھر میں جاری قومی انسدادِ پولیو ویکسینیشن مہم کی بھرپور حمایت کریں۔

انہوں نے کہا کہ مہم کی کامیابی اجتماعی ذمہ داری سے مشروط ہے اور والدین سے اپیل کی کہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں۔ اس تین روزہ مہم کے دوران 45.4 ملین بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن میں پنجاب میں 23.3 ملین، سندھ میں 10.6 ملین، خیبر پختونخوا میں 7.3 ملین، بلوچستان میں 2.66 ملین بچے شامل ہیں جبکہ باقی بچے آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں کور کیے جائیں گے۔ یہ مہم افغانستان کی دسمبر پولیو مہم کے ساتھ ہم آہنگی میں چلائی جا رہی ہے تاکہ سرحد پار وائرس کی منتقلی روکی جا سکے۔

بی بی آصفہ بھٹو نے اپنی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پہلی قومی پولیو مہم 1994 میں ان کی قیادت میں شروع ہوئی تھی اور وہ اس جدوجہد سے ذاتی طور پر وابستہ ہیں، کیونکہ ان کی والدہ نے خود انہیں پولیو کے پہلے قطرے پلائے تھے۔

مہم کے دوران گھر گھر جا کر ویکسینیشن کی جائے گی، جبکہ ہائی رسک علاقوں میں پانچ روزہ مہم جاری ہوگی، جس میں کمیونٹی بیسڈ اور موبائل ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ملک بھر میں 408,484 فرنٹ لائن پولیو ورکرز تعینات کیے گئے ہیں، جن میں ایریا انچارجز، یونین کونسل میڈیکل آفیسرز اور موبائل، فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔

بی بی آصفہ بھٹو نے منتخب نمائندوں، مقامی حکام، مذہبی رہنماؤں اور کمیونٹی عمائدین سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کا ساتھ دیں، کمیونٹیز تک رسائی میں مدد کریں اور ویکسین کے بارے میں پھیلنے والی غلط معلومات کے تدارک میں کردار ادا کریں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ویکسینیٹرز کا خیرمقدم کریں، کسی بھی رہ جانے والے بچے کی اطلاع دیں اور فرنٹ لائن کارکنان کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ متحدہ کوششوں سے پولیو کا خاتمہ اور بچوں کے مستقبل کا تحفظ ممکن ہو سکے۔

Comments are closed.