پاکستانی سفیر کی یومِ انسانی حقوق پر یونیسکو میں اہم پینل گفتگو میں شرکت

26

پیرس، 12 دسمبر 2025

بین الاقوامی یومِ انسانی حقوق کے موقع پر پیرس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے یونیسکو میں “آزادانہ تبادلۂ خیالات اور انسانی حقوق کے فروغ: اقوامِ متحدہ کے 80 برس—اسباق اور زاویے” کے موضوع پر منعقدہ ایک اہم پینل ڈسکشن میں شرکت کی۔

یہ تقریب یونیسکو اور یورپی یونین کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس میں ڈائریکٹر جنرل یونیسکو ڈاکٹر خالد الانانی اور سابق ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نو ی پیلئی نے خصوصی خطاب کیا۔

سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے خطاب میں “آزادانہ تبادلۂ خیالات” کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف جمہوریت بلکہ عالمی سفارت کاری کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ آج کی بین الاقوامی سفارت کاری میں مکالمے اور فکری تبادلے کے مواقع کم ہوتے جا رہے ہیں، جس کے باعث ریاستیں مشترکہ بنیاد تلاش کرنے اور عالمی مسائل کے حل کے لیے مؤثر طور پر ایک دوسرے کے ساتھ جڑنے میں دشواری محسوس کررہی ہیں۔ یہ رجحان، انہوں نے کہا، کثیرالجہتی نظام اور عالمی سفارت کاری دونوں کے لیے چیلنج بن رہا ہے۔

سفیر نے UN80 کے عمل سے جنم لینے والے مواقع اور چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی اور واضح کیا کہ یہ عمل اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ڈھانچے کو جدید اور مؤثر بنانے کا موقع ہے۔ تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ اس عمل کے نتیجے میں انسانی حقوق کے طریقۂ کار کو کمزور نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی گزشتہ دہائیوں میں ہونے والی پیش رفت کو پس پشت ڈالنا چاہیے۔

پینل میں دیگر نمایاں شخصیات بھی شریک تھیں، جن میں ایمنسٹی انٹرنیشنل فرانس کی صدر این ساوینیل۔باراس، کیو لیوون یونیورسٹی کے پروفیسر جان ووٹرز، اور رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز (RSF) کے ڈائریکٹر جنرل تھیبوٹ بروٹین شامل تھے۔

Comments are closed.