ای چالان، بھاری جرمانے اور بسوں کی عمر کے سلسلے میں دائر پٹیشن کی سماعت عدالت نے سندھ حکومت سے جواب طلب کرلی

26

کراچی۔ ( ) ای چالان، بھاری جرمانے اور بسوں اور منی کوچز کی عمر کے سلسلے میں کراچی بس اونر ایسوسی ایشن کی دائر کردہ پٹیشن کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچ کے جسٹس عدنان اقبال چوہدری کی عدالت میں ہوئی، معزز جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے بس اونر ایسوسی ایشن کے وکیل منصف جان ایڈوکیٹ سے دریافت کیا کہ سندھ حکومت کے خلاف یہ پٹیشن کن کن دلائل کی بنیاد پر فائل کی گئی ہیں جس پر ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے جو نوٹیفیکیشن مورخہ 01-01-2025 کو جاری کیا گیا ہے وہ illegal ہے کیونکہ قانون میں اس کی کوئی detail موجود نہیں ہے۔ اسی نوٹیفکیشن کو اس پٹیشن میں چیلینج کیا گیا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن دفعہ 121-A موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کے تحت جاری کیا گیا ہے اور اگر دفعہ 121-A کا مطالعہ کیا جائے تو اس میں کہیں یہ نہیں لکھا ہے کہ حکومتِ سندھ اتنے زیادہ جرمانے اور E-challan عائد کرسکتی ہے۔ اس کے بعد عدالت نے کیس کو 15 جنوری 2026 تک ملتوی کردیا اور حکومتِ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلی تاریخ پر تمام تر تیاری کے ساتھ آئے اور تحریری جواب جمع کرائے اور عدالت کو مطمئن کرے کہ یہ نوٹیفکیشن کس قانون کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ اس موقع پر صدر بس اونرز ایسوسی ایشن فاروق احمد ، سینئر ممبر خیال محمد، دین محمد اور اعجاز قریشی بھی موجود تھے۔

Comments are closed.