بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹی، ناقص اور مضر صحت اشیاء خوردونوش کے خاتمے کیلئے صوبے بھر میں کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں

28

کوئٹہ10 دسمبر، 2025:
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹی، ناقص اور مضر صحت اشیاء خوردونوش کے خاتمے کیلئے صوبے بھر میں کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ تازہ کارروائیوں میں بی ایف اے ٹیموں نے مختلف شہروں میں انسپیکشن کے دوران 1 ملک شاپ کو سیل جبکہ 33 کھانے پینے کے مراکز اور پروڈکشن یونٹس پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کر دئیے۔سیل کردہ ملک شاپ کے خلاف کارروائی ژوب میں عمل میں لائی گئی جبکہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں، اوستہ محمد، سبی اور تربت میں بھی متعدد فوڈ مراکز کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ جرمانہ کیے گئے مراکز میں جنرل اسٹورز، بیکریاں و بیکنگ یونٹس، فاسٹ فوڈ کارنرز، ہوٹلز، ہول سیل ڈسٹریبیوٹرز اور مختلف ملک شاپس شامل تھیں۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق اے ون سٹی بروری روڈ کوئٹہ میں خفیہ اطلاع پر مشروبات کے ہول سیل ٹریڈرز کی خصوصی انسپیکشن کی گئی، جس کے دوران 2 ٹریڈرز سے ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس کی بڑی مقدار ضبط کی گئی جنہیں قبضے میں لے کر دونوں یونٹس پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔علاوہ ازیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیمیں صوبے بھر میں ملاوٹی دودھ و دہی، ناقص بیکری مصنوعات اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش کی تیاری و فروخت کی روک تھام کیلئے سرگرمِ عمل ہیں جبکہ عوام کو محفوظ، صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی بی ایف اے کی اولین ترجیح ہے۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق غیر معیاری مصنوعات تیار یا فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں آئندہ جاری رہیں گی اور عوام کو خوراک کی فراہمی کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Comments are closed.