خیبرپختونخوا میں گاڑیوں کا نیا نظام — نمبر پلیٹ اب گاڑی نہیں، شہری کی ملکیت ہوگی

27

پشاور | 10 دسمبر 2025ء

پشاور — وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے جدید ڈیجیٹل “پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارکس سسٹم (PRM)” کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب میں بتایا گیا کہ اس نئے نظام کے تحت گاڑی کا نمبر اب گاڑی کے بجائے شہری کی مستقل ملکیت تصور ہوگا۔

بریفنگ کے مطابق گاڑی فروخت ہونے کی صورت میں نمبر پلیٹ خریدار کو منتقل نہیں ہوگی بلکہ پرانا مالک وہ نمبر اپنے پاس رکھ سکے گا، جبکہ خریدار اپنی گاڑی کے لیے نیا نمبر حاصل کرے گا۔ شہری اپنا منتخب کردہ نمبر تین سال تک بغیر کسی گاڑی پر لگائے محفوظ رکھ سکیں گے۔ حکام نے بتایا کہ نیا ڈیجیٹل سسٹم جعلی اور کلون شدہ نمبر پلیٹس کے خاتمے اور گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال میں کمی کا باعث بنے گا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ نظام گاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو ڈیجیٹل، شفاف، تیز اور کرپشن فری بنانے کی سمت ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے محکمہ ایکسائز کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے مکمل آن لائن سسٹم بھی جلد متعارف کرایا جائے۔

تقریب میں وزیراعلیٰ نے محکمہ ایکسائز کے لیے منشیات کے خلاف کارروائیوں میں خصوصی شہید پیکج کے اجرا کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تباہ کرنے والے اس ناسور کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا، اور منشیات کے کاروبار میں ملوث بڑے گروہوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت منشیات سے پاک خیبرپختونخوا کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور متعلقہ اداروں کو بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

Comments are closed.