وزیراعلیٰ مریم نواز کا انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
لاہور، 10 دسمبر — وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کا احترام کسی بھی مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیادی اساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ نے خطبہ حجۃ الوداع میں انسانی حقوق کا وہ ابدی اور کامل چارٹر عطا کیا جو انسانیت کے لئے ہمیشہ رہنمائی فراہم کرتا رہے گا۔
وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہر انسان مذہب، رنگ، نسل، جنس یا حیثیت سے بالا تر بنیادی انسانی حقوق رکھتا ہے، اور ان حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا وژن انسانی حقوق کے فروغ، انصاف کی فراہمی، مذہبی آزادی، تعلیم، صحت اور بنیادی ضروریات تک بلا امتیاز رسائی پر مبنی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کے مطابق حکومت پنجاب جبری مشقت کے خاتمے، مذہبی آزادی کے تحفظ اور بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ضروری ہے جہاں ہر شہری کو برابری، عزت، تحفظ اور انصاف میسر ہو۔
Comments are closed.